اضاخیل گندم سٹوریج سے گندم غائب ہونے کا کیس، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

یوٹیلٹی اسٹورز کے پشاور ریجن میں کروڑوں روپے کی گندم چوری کا انکشاف

اسلام آباد:پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے مختلف ریجنز میں سنگین مالی بے قاعدگیوں کا پردہ فاش ہوا ہے، جن میں پشاور ریجن میں 14 کروڑ روپے مالیت کی گندم غائب ہونے کا انکشاف بھی شامل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق شاہدہ بیگم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آڈٹ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پشاور ریجن نے اپنی گندم ایک نجی گودام میں ذخیرہ کر رکھی تھی، جو اب وہاں سے غائب ہو چکی ہے۔ موجودہ اندازے کے مطابق اس گندم کی قیمت تقریباً 14 کروڑ روپے بنتی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ نواب شاہ ریجن میں یوٹیلٹی اسٹورز کے 46 ملازمین نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 44 لاکھ روپے کا سامان خرد برد کیا۔ اب تک ان میں سے صرف 92 لاکھ روپے کی رقم واپس حاصل کی جا سکی ہے، جب کہ 52 لاکھ روپے کی وصولی باقی ہے۔

اٹک ریجن میں بھی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئیںجہاں آٹے کی خریداری میں مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

کمیٹی نے ان تمام کیسز کی فوری اور شفاف انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس کے دوران ایک پرانا واقعہ بھی زیر بحث آیا، جس میں 2012 میں وزارت صنعت و پیداوار کے ایک ڈپٹی سیکریٹری کے گھر کے باہر سے سرکاری گاڑی چوری ہوئی تھی۔ انکوائری رپورٹ میں سیکشن آفیسر کو غفلت کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا، تاہم آج تک اس سے کسی قسم کی مالی ریکوری نہیں کی گئی۔

اس موقع پر سیکریٹری صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ افسر براہِ راست چوری میں ملوث نہیں تھا مگر اُس کی لاپرواہی ضرور سامنے آئی ہے۔

کمیٹی نے اس کیس میں بھی ایک ماہ کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top