ڈیرہ اسماعیل خان میں ممکنہ سیلابی صورتحال، دفعہ 144 نافذ، نہانے اور کشتی رانی پر پابندی

صابحہ شیخ
ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

عوامی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دریائے سندھ، ندی نالوں، اور دیگر آبی مقامات پر نہانے، پکنک منانے اور کشتی رانی سمیت تمام سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، غیر ضروری طور پر آبی علاقوں کی جانب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top