گذشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں کتنے ارب روپے مالیت کا سمگل شدہ سونا ضبط کیا گیا، اس کی تفصیلات پارلیمنٹ میں جمع کرا دی گئیں۔
پارلیمنٹ کو دی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان کسٹمز نے گزشتہ 10 سالوں میں مجموعی طور پر 26 ہزار تولے سے زائد سمگل شدہ سونا برآمد کیا ہے، جس کی کل مالیت تقریباً 9 ارب 45 کروڑ روپے بنتی ہے۔
رپورٹ میں سال بہ سال تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں کہ 2014-15 کے دوران 9 مختلف کیسز میں تقریباً 3500 تولے سونا ضبط کیا گیا، جبکہ 2015-16 میں 5 کیسز میں 1114 تولے سونا برآمد ہوا۔ 2016-17 میں 10 مقدمات کے تحت 3469 تولے سے زائد سونا پکڑا گیا۔
اسی طرح 2017-18 کے دوران 5017.16 تولے سونا ضبط کر کے 53 مقدمات درج کیے گئے۔ 2018-19 میں 1680 تولے جبکہ 2019-20 میں 905 تولے سونا قبضے میں لیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2020-21 میں 4152 تولے زیورات سمیت سونا ضبط کیا گیا اور 62 مقدمات درج کیے گئے، 2021-22 میں 2860 تولے اور 2022-23 میں 1038 تولے سونا پکڑا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوامیں شدید بارشوں اور فلش فلڈز سے جانی ومالی نقصانات کی تفصیلات جاری
سال 2023-24 میں کسٹمز نے 1077 تولے اور 2024-25 میں 1205 تولے سونا ضبط کیا۔ مجموعی طور پر گذشتہ 10 سالوں میں 387 مقدمات درج کر کے تقریباً 303.6 کلوگرام سونا ضبط کیا گیا۔