اعجاز آفریدی
پشاور: سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز کی منظوری سمیت 16 نکاتی ایجنڈے کی منظوری کے لئے خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس 20 اگست بروز بدھ دن 11 بجے طلب کیا گیاہے ، کابینہ اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپورکرینگے ۔
اجلاس میں شرکت کے لئے صوبائی وزرائ، مشیروں اور معاونین خصوصی سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے نام مراسلہ جاری کردیا جبکہ مراسلے کے ساتھ 16 نکاتی ایجنڈہ بھی کابینہ کے تمام اراکین کو ارسال کیا گیا۔
اجلاس کےد وران ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ محکمہ انتظامی امور کی کابینہ وونگ کی جانب سے جاری ہونے والے ایجنڈے کے مطابق پولیس شہداء اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے خصوصی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی جبکہ ہائی کورٹ بنچ سطح پر بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔ پشاور ہائی کورٹ کے لئے فنڈز کے اجرا ءمیں نرمی کی سفارش پر بھی فیصلہ متوقع ہے۔
اس کے ساتھ ہی سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے علاج کے لئے دو کروڑ روپے کی مالی معاونت کے معاملے کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے نئے بورڈآف ڈائریکٹرز کی تقرری اور سیرت النبی و عید میلاد النبی کے موقع پر گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری پر بھی غور ہوگا۔
محنت کشوں کی فلاح کے لئے خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ کے قیام اور باجوڑ میں ریسکیو 1122 سب اسٹیشن کے قیام کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں 15 اگست کو آنے والے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لیے خصوصی معاوضہ پیکج کی منظوری دی جائے گی۔ اسی طرح خیبر پختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ 2014ءمیں ترمیمی بل اور چیف کمشنر کی تقرری پر بھی غور متوقع ہے۔
معدنیات کے مختلف بلاکس کی نیلامی کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر بحث آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا بیوروکریسی میں بڑا رد و بدل، کئی اہم افسران کے تبادلے
اسی طرح ایجنڈے میں قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں غیر قانونی تعمیرات کی ریگولرائزیشن کے لئے فیس کی ادائیگی، لیز ایگریمنٹ کی تجدید، مارکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے لئے خصوصی گرانٹ، ضلع دیر لوئر میں کمبر بائی پاس روڈ کی تعمیر اور صوبائی ایکسپریس ویز کے منصوبے کے لئے ڈائریکٹوریٹ کے قیام جیسے اہم نکات بھی شامل ہیں۔





