سیلاب متاثرین کیلئے پاک فوج کا ریلیف آپریشن پانچویں روز بھی جاری

خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ اور صوابی میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔

متاثرہ علاقوں میں عوام کی بحالی اور امداد کیلئے پاک فوج کے دستے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

پاک فوج کی کور آف انجینئرز کے دستے بند راستوں کو کھولنے، سڑکوں سے ملبہ ہٹانے اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (USAR) ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے، زخمیوں کی تلاش اور لاشوں کی بازیابی کے لیے خصوصی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

مزید برآں، پاک فوج کے طبی عملے نے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں مریضوں کو مفت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل طلب،16نکاتی ایجنڈا جاری

حکام کا کہنا ہے کہ جب تک تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو نہیں کر لیا جاتا اور مکمل بحالی یقینی نہیں بنا لی جاتی، امدادی سرگرمیاں بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔

Scroll to Top