اسلام آباد: قوم آج اپنے عظیم ہیرو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی 54ویں برسی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔
اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے ان کے بلند حوصلے، قربانی اور بے مثال وطن پرستی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ راشد منہاس نے 20 اگست 1971 کو پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر کے وہ تاریخ رقم کی جو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں لکھی جائے گی۔
ان کا ناقابل تسخیر جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی مسلح افواج اور پوری قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخواانفارمیشن کمیشن میں سرکاری اداروں کے خلاف شہریوں کی شکایات کی سماعت
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کی بہادری اور قربانی نہ صرف آزادی کی قیمت کو اجاگر کرتی ہے بلکہ وطن کے دفاع کے لیے حوصلے اور عزم کو بھی جِلا بخشتی ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق راشد منہاس کا نام تاریخ میں ہمیشہ وفا، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔





