اسلام آباد /بہاولپور: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس سے مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلاکے مقام پر نچلے درجے جبکہ کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے راوی میں جسڑکے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
ادھر بہاولنگر میں بھوکاں پتن کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، شاہراہیں زیر آب آ گئیں اور متعدد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
قصور میں بھی دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب آ گیا ہے، جہاں کئی بستیاں متاثر ہوئیں، پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کی پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار، متاثرہ ممالک کی تفصیلات سامنے آ گئیں
بہاولپور کے مضافاتی علاقوں میں زمیندارہ بند ٹوٹ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں ایکڑ پر کاشت کی گئی کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
راول ڈیم اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافے کے بعد سپیل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی ٹیمیں الرٹ ہیں، جبکہ حکومت نے شہریوں کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔





