ملک بدری کا فیصلہ حتمی، افغان شہریوں کے پاس صرف12 دن کا وقت،الٹی گنتی شروع

ملک بدری کا فیصلہ حتمی، افغان شہریوں کے پاس صرف12 دن کا وقت،الٹی گنتی شروع

حکومت پاکستان نے ملک میں مقیم افغان شہریوں کے انخلا کے لیے 1 ستمبر 2025 کی حتمی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت وہ افغان باشندے بھی وطن واپسی کے پابند ہوں گے جن کے پاس پی او آر (پروف آف رجسٹریشن) یا افغان سٹیزن کارڈ موجود ہیں۔ انخلاء کی اس مہم میں اب صرف 12 دن باقی رہ گئے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے اور قانونی طور پر مقیم افراد کی مؤثر رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام افغان شہریوں، بشمول عارضی دستاویزات رکھنے والوں، کو رضاکارانہ بنیادوں پر ملک چھوڑنا ہوگا۔

حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انخلا کے عمل کے دوران زبردستی یا کسی بھی قسم کی بدسلوکی سے گریز کیا جائے گا۔ واپسی کے عمل کو باعزت اور محفوظ بنانے کے لیے خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی بندوبست کر لیا گیا ہے۔

حکام نے افغان باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے واپسی کے انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں غیر قانونی مہاجرین کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی، وسائل اور سماجی نظام پر دباؤ میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top