خیبر پختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کیلئے اضافی 2 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، جس سے مجموعی امدادی رقم 5 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں کابینہ کو سیلاب سے ہونیوالے نقصانات، جاری ریلیف آپریشنز اور بحالی کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت ہر متاثرہ شہری کے ساتھ کھڑی ہے۔ ’’ہم نے پہلے ہی 3 ارب روپے جاری کیے تھے، اور اب مزید 2 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی متاثرہ فرد کو امداد سے محروم نہ رہنا پڑے۔ تمام متاثرین کو مکمل معاوضہ دیا جائے گا، اور کوئی بھی نظر انداز نہیں ہوگا۔
فوری اقدامات کی ہدایت،وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں درج ذیل اقدامات فوری طور پر عمل میں لائے جائیںتمام مراکز صحت کو فعال کیا جائے،موبائل اسپتالوں کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائےصفائی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائےٹیوب ویلز کو جلد از جلد بحال کیا جائےمتاثرہ سڑکوں اور رابطہ راستوں کی مرمت اور بحالی کا کام تیز کیا جائےوزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے، اور ریسکیو ٹیمیں دن رات اس مشن پر مامور ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت کا یہ اقدام عوامی فلاح کیلئے اس کے عزم کا مظہر ہے، جس کا مقصد متاثرہ شہریوں کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لانا ہے۔