چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم سہ فریقی اجلاس آج کابل میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں سیکیورٹی، علاقائی استحکام، معاشی تعاون اور دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ہمراہ کابل پہنچ چکے ہیں، جہاں کابل ایئرپورٹ پر افغانستان کے نائب وزیر خارجہ محمد نعیم نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق، چینی وزیر خارجہ بھارتی دورہ مکمل کرنے کے بعد اجلاس میں شرکت کے لیے کابل پہنچیں گے۔ سہ فریقی مذاکرات کا یہ تیسرا دور ہے، جسے خطے میں امن، ترقی اور ہم آہنگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران پاک-افغان وزرائے خارجہ کے درمیان علیحدہ دوطرفہ ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں سرحدی صورتحال، سیکیورٹی تعاون، تجارتی روابط اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔
حکام کے مطابق، یہ اجلاس نہ صرف سہ فریقی تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا بلکہ افغانستان میں دیرپا امن اور خطے میں پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔