خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے افغانستان کا کردار انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کو معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل (دنیانیوز)کے مطابق یہ بات انہوں نے افغان سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، سیکیورٹی، معاشی روابط اور سرحدی تعاون سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حکومت دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا’’طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ خطے کی معیشت اور امن دونوں کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا افغان عوام کی فلاح کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، جس میں کینسر اسپتال کی تعمیر اور سرحدی علاقوں میں سولر ٹیوب ویلز کی فراہمی شامل ہے۔
ملاقات کے دوران افغان سفیر سردار احمد شکیب نے بھی طورخم بارڈر پر تجارتی سہولیات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
’’تجارت اور معیشت کی بہتری نہ صرف خوشحالی لاتی ہے بلکہ امن کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔‘‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی ترقی باہمی اعتماد، تعاون اور مستقل روابط سے ممکن ہے۔