سیلاب متاثرین کو نظر آنے والا ریلیف پیکیج دیا جائے، ہوائی دوروں سے کچھ نہیں ہوگا: سراج الحق

سوات:جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نےکہا کہ حکومت کو سیلاب متاثرین کے لیے ایسا ریلیف پیکیج دینا چاہیے جو زمینی حقائق میں نظر آئے۔

سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے محض ہوائی دورے مسائل کا حل نہیں، اصل ضرورت عملی اقدامات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوات پریس کلب عوام کی آواز ہے، مگر بدقسمتی سے حالیہ سیلاب میں اس کی عمارت متاثر ہوئی ہے۔ صحافیوں کے دفاتر، فرنیچر اور دیگر اشیاء تباہ ہوچکی ہیں۔ اسی طرح مینگورہ سمیت سوات کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی ہے، مگر جن لوگوں کی املاک، گھر اور کاروباری مراکز تباہ ہوئے ہیں، ان کی بحالی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے فوری طور پر امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اعلانات یا دورے کافی نہیں، عملی طور پر ریلیف کا عمل تیز ہونا چاہیے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم کے سینکڑوں کارکن متاثرہ علاقوں میں سرگرمِ عمل ہیں، جو متاثرین کو صاف پانی، خوراک، ادویات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گھروں اور دکانوں کی صفائی میں بھی مدد کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سراج الحق نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایک موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا، جو مختلف متاثرہ علاقوں میں جا کر لوگوں کو فلٹر شدہ پانی فراہم کرے گا۔

Scroll to Top