ریاض: سعودی حکومت نے دنیا بھر سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئےنسک عمرہ کے نام سے ایک جدید آن لائن سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم افراد اب کسی ایجنٹ یا بروکر کے بغیر خود براہ راست عمرہ ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ آن لائن سسٹم صرف ویزا کے لیے نہیں، بلکہ رہائش، سفری انتظامات اور سیاحتی سرگرمیوں سمیت مکمل عمرہ پیکجز کی بکنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ زائرین اپنی ضروریات کے مطابق مکمل پیکج یا علیحدہ سہولتیں منتخب کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سروس کا مقصد عمرہ زائرین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور حرمین شریفین کی زیارت کو ایک یادگار تجربہ بنانا ہے۔
تمام سہولتیں ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جہاں صارف آسان اقدامات کے ذریعے مکمل رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسلامی سیاحت کو فروغ دینا اور دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ زائرین کو حرمین شریفین تک آسان رسائی دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحان کے نتائج جاری، کامیابی کی شرح صرف 2.77 فیصد
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف عمرہ کی ادائیگی کو آسان بنائے گا بلکہ غیر ضروری اخراجات، ایجنٹوں کے چارجز اور درمیانی مراحل کو بھی ختم کرے گا، جس کے باعث زائرین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔





