ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک نےکہا ہے کہ صوبے بھر میں سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 393 ہو گئی ہے،جاں بحق ہونے والوں میں 300 مرد، 53 خواتین اور 40 بچے شامل ہیں، زخمیوں کی مجموعی تعداد 190 ہے جن میں 145 مرد، 27 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔
مشیراطلاعات بیرسٹر سیف کے ہمرا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق 1,711 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 425 مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 1,268 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں، 266 اسکولز بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ 5,629 مویشی سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پیر سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جائنٹ اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس :ضم اضلاع میں گھروں کیلئے سولر سسٹم کی فراہمی اور پولیس انفراسٹرکچر کی تعمیرکے فیصلے
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حالیہ کابینہ اجلاس میں معاوضوں کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پہلے جاں بحق افراد کے لیے 10 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جاتی تھی، جسے بڑھا کر اب 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح زخمیوں کو دی جانے والی امدادی رقم کو بھی یکساں کر کے اب 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔





