ملک گیر بارشوں نے تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر

خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

شاہد جان

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مسلسل جاری شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی ریلوں کا خاص طور پر چترال، دیر بالا و زیریں، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان بالا و زیریں، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں امکان ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی برقرار ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، سڑکوں کے کنارے بنے ڈھانچے، گاڑیاں اور سولر پینلز نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام سے گریز کریںاور شمالی اضلاع کا سفر کرنے سے قبل سڑکوں اور راستوں کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ہدایات پر عمل کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔

عوام کو ہنگامی سامان، جیسے خشک راشن، پانی، ٹارچ اور ابتدائی طبی امداد کا سامان ساتھ رکھنے کی بھی نصیحت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ اپ ڈیٹس پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر بھی مکمل طور پر فعال ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور، چارسدہ، ایبٹ آباد سمیت دیگر اضلاع میں ڈینگی ایمرجنسی نافذکرنے پرمحکمہ صحت خیبرپختونخوا کی وضاحت

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Scroll to Top