شہزاد نوید
سوات:ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر احمد شیر نے مٹلتان میں گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے ممکنہ خطرے کے مقام کا تفصیلی دورہ کیا۔
یہ دورہ ایمرجنسی ریسکیو ریسپانس پلان 2025 کے تحت ڈیزاسٹر پری پیئرڈنس اسٹریٹیجی کے سلسلے میں کیا گیا۔معائنے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر نے مٹلتان گلیشیئر کے پانی کے بہاؤ کا مشاہدہ کیا جو معمول کے مطابق پایا گیا اور فوری طور پر کسی بھی خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق گلیشیئر میں نہ تو غیر معمولی سرگرمی دیکھی گئی اور نہ ہی ممکنہ پھٹنے کے آثار موجود ہیں۔اس موقع پر متعلقہ محکموں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون کو یقینی بنایا گیا۔
مزید برآں مسلسل نگرانی اور پیشگی تیاری کو مستقبل میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانا ہے تاکہ مقامی آبادی اور علاقے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔