خیبرپختونخوا میں مون سون کی یلغار! آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری، بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

خیبرپختونخوا میں مون سون کی یلغار! آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری، بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

خیبرپختونخوا میں مون سون کا آٹھواں اسپیل متحرک ہو گیا ہے، جس کے باعث صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سوات، اپر و لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بونیر، شانگلہ اور چترال سمیت متعدد بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، اچانک سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ادھر پشاور، نوشہرہ اور مردان میں اربن فلڈنگ یعنی شہری سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام سے باز رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام نے مقامی آبادی کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی مون سون کے اس آٹھویں اسپیل کے دوران شدید موسمی حالات کے بارے میں انتباہ جاری کر رکھا ہے۔

Scroll to Top