خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات ڈاکٹر بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت اور سیاسی مخالفین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو خود کو ’’سب کی ماں‘‘ کہتی ہیں، وہ اس نازک وقت میں جاپان میں سیر سپاٹے میں مصروف ہیں، جبکہ ملک سیلاب کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔
نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )کے مطابق بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیلاب اس وقت ملک کے سب سے زیادہ وسائل رکھنے والے صوبے پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے، کراچی میں بھی تباہ کن بارشوں نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، لیکن وفاقی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، سڑکیں، پل اور عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، مگر وفاقی حکومت کا کردار کہیں نظر نہیں آ رہا۔ ان کے بقول:
وفاقی حکومت اس وقت ستو پی کر سورہی ہے۔’’بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ کےپی کو کسی سے پیسے نہیں چاہیے، ہم اپنے وسائل سے متاثرہ شہریوں کی مدد کر رہے ہیں، تاہم یہ وفاق کی بھی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ تجارت، مائننگ، انڈسٹری اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری لائی جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ’’سرمایہ کاروں اور ان کے سرمائے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔‘‘





