خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلاب متاثرہ اضلاع میں معاوضوں کی ادائیگی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور اب تک 307 شہدا کے لواحقین کو 614 ملین روپے کے چیکس فراہم کیے جا چکے ہیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق، زخمیوں کے لیے بھی 15.9 ملین روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جب کہ باقی 89 شہدا اور 144 زخمیوں کے خاندانوں کو بھی جلد از جلد چیکس فراہم کر دیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر شہدا پیکج کو 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بہتر مالی سہارا فراہم کیا جا سکے۔
ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے شفاف ادائیگی کا آغازبیرسٹر سیف نے کہا کہ پہلی بار صوبے میں ایک ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو 15 ہزار روپے کی فوری ادائیگیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ’’ڈیجیٹل نظام کے تحت شفافیت، رفتار اور بروقت امداد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اتنی تیزی سے معاوضے دیے جا رہے ہیں۔‘‘
متاثرہ مکانات کے لیے بھی معاوضے میں دوگنا اضافہ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کا سروے جاری ہے، اور جیسے ہی سروے مکمل ہو گا، متاثرہ گھروں کے مالکان کو بھی معاوضہ ادا کر دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مکمل تباہ شدہ گھروں کا معاوضہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی متاثرہ گھروں کا معاوضہ ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا عز م بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انہیں معاشی بحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔





