وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی کے بعد ایک نیا پاکستان دنیا کے سامنے ابھر کر آیا ہے۔
نارووال میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں نے دشمن کے لڑاکا طیارے مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
اپنے حلقہ انتخاب نارووال کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقے کے عوام سے ان کا دیرینہ رشتہ ہے اور ان کی خدمت ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا، خصوصاً مشکل وقت میں بھی وفاداری کا ثبوت دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فوج پاک،چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے، چینی وزیر خارجہ
احسن اقبال نے مزید کہا کہ انہیں کامیاب کرانے کا مقصد علاقے کی ترقی تھا جس کے لیے انہوں نے تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔





