پاکستانی کوہ پیماؤں نے ہندوکش کے بلند ترین پہاڑی سلسلے تریچ میر کی چوٹی سر کر کے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں سرباز خان اور عابد بیگ نے کامیابی کے ساتھ چوٹی سر کی، ٹیم کے دیگر پانچ کوہ پیما موسمی مشکلات کی وجہ سے 7,300 میٹر کی بلندی تک پہنچ سکے۔
ٹیم میں ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر خان، ڈاکٹر نوید اقبال، میجر محمد عاطف، شمس القمر اور اکمل نوید بھی شامل تھے۔
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام تریچ میر سمٹ کا بھی انعقاد کیا گیا، حکومت نے کوہ پیماؤں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور دو سال کی رائیلٹی فیس معاف کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستانی کوہ پیماؤں کو مبارکباد دی اور صوبے میں ایڈونچر سیاحت کے فروغ کو ترجیح قرار دیا، خیبرپختونخوا حکومت نے سال 2025-26 کو تریچ میر سال کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
کوہ پیما سرباز خان کا کہنا ہے کہ تریچ میر چوٹی سر کرنے کا خواب حکومت کی مدد سے پورا ہوا اور مستقبل میں ہندوکش، ہمالیہ اور قراقرم کی بلند چوٹیوں کو سر کرنا بھی ممکن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:کوہ پیما نائلہ کیانی کا ہیلی کاپٹر انخلا کے اخراجات میں کمی کا خیرمقدم، فوجی قیادت سے اظہار تشکر
کوہ پیما سرباز خان نے مزید کہا ہے کہ تھری سمٹ کے ذریعے دنیا بھر سے پورٹرز پاکستان اور خاص طور پر چترال کا رخ کریں گے جو علاقے کی ایڈونچر ٹورازم کو نئی پہچان دے گا۔





