باجوڑ کے علاقے تحصیل ماموند میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مزید پانچ گاؤں کو کلیئر کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں امن و امان کی مکمل بحالی کے بعد ان گاؤں کے مکینوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کلیئر کیے گئے علاقوں میں سیرئی ملان، سیرئی میاں گان، لینڈئی کلان، بلال مسجد ترخو اور شمشیر گر قلعہ ترخو شامل ہیں, ان علاقوں میں ریاست کی مکمل عملداری بحال ہو چکی ہے اور حالات معمول پر آ گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے باشندے اب اپنے گھریلو سامان کے ہمراہ پُرامن انداز میں اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں اور معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ تمام خاندانوں کی جلد، باعزت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے گا اور باقی علاقوں کے متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل مرحلہ وار اور منظم انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ، سیکیورٹی خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ کا کسانوں کو سڑک کنارے فصلیں کاٹنے کا حکم
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس مشن کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے اور عوام کے تعاون سے پائیدار امن کا قیام ممکن بنایا جا رہا ہے۔





