دیر بالا میں فتنۂ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

دیر بالا : خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے فتنۂ الخوارج کے خلاف ایک کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آپریشن مصدقہ خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ دہشت گرد چند روز قبل پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری شہید جبکہ 8 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کا وہ شہر جہاں ہر شہری 37,500 روپے کا مقروض ہے

حساس اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے مزید دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔

انہوں نے شہید شہری کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت بھی کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

Scroll to Top