کرکٹ ایشیا کپ، وسیم اکرم نے پاکستان اور بھارت میں سے کس ٹیم کو فیورٹ قرار دیا؟ نام سامنے آ گیا

کرکٹ ایشیا کپ، وسیم اکرم نے پاکستان اور بھارت میں سے کس ٹیم کو فیورٹ قرار دیا؟ نام سامنے آ گیا

کرکٹ کے میدان میں ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان ٹکراؤ کی فضا بننے لگی ہے، اور اسی تناظر میں سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سے متعلق اہم پیشگوئی کرتے ہوئے بھارت کو فیورٹ قرار دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والا پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث میدان کے اندر اور باہر فضا خاصی گرم ہو سکتی ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں۔ یہ میچز ہمیشہ جذباتی ہوتے ہیں، مگر ضروری ہے کہ کھلاڑی اور شائقین دونوں نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ حب الوطنی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ کھیل کو نفرت یا تصادم میں بدل دیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ میدان میں مقابلہ صرف کھیل کا ہے، اور اسے اسی دائرے میں رہنا چاہیے۔’’اگر بھارتی عوام اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں تو پاکستانی شائقین کو بھی اپنی ٹیم کا ساتھ دینا چاہیے، لیکن حدود میں رہتے ہوئے۔‘‘

ایشیا کپ سے قبل ٹیموں کی حالیہ کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے بھارت کو فیورٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، اگرچہ 2021 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو ہرایا تھا۔’’اس بار بھارت بہتر فارم میں نظر آ رہا ہے اور فیورٹ کے طور پر میدان میں اترے گا، تاہم اصل فیصلہ میدان میں ہوگا کہ کون سی ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالتی ہے۔‘‘

ایشیا کپ کا یہ بڑا مقابلہ جہاں شائقین کے جذبات کو جلا بخشے گا، وہیں ایک بار پھر کھیل کو جوڑنے والا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے —بشرطیکہ کھلاڑی اور تماشائی کھیل کو کھیل سمجھ کر دیکھیں۔

Scroll to Top