محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے تحت آج رات سے موسم میں نمایاں تبدیلی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، مری، سوات، کوہستان، کراچی، حیدرآباد اور دیگر درجنوں علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی و مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔ ان علاقوں میں رات کے وقت موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق’’ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے وقت بارش کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں الرٹ رہیں۔‘‘
بارش کی زد میں آنے والے نمایاں اضلاع میں شامل ہیں،اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، ساہیوال، بہاولنگر، ڈی جی خان، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، قصور، اوکاڑہ، نارووال، جھنگ، فیصل آباد، چینوٹ، سیالکوٹ اور شیخوپورہ شامل ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں:سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، بونیر، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی اور خیبر شامل ہیں۔
بلوچستان کے جن علاقوں میں بارش کا امکان ہے ان میں شامل ہیں:بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، قلات اور خضدار۔
جبکہ سندھ میںکراچی، حیدرآباد، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین اور مٹھی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر کمزور انفرااسٹرکچر والے علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاط برتیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔





