افتخار احمد یوسفزئی
صوابی کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے وار تیزی سے جاری ہیں جس نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
تحصیل ٹوپی کے محلہ بوٹکہ اور آزاد خیل سواتیاں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں جہاں سو سے زائد افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کئی گھروں میں بیک وقت چار سے پانچ افراد ڈینگی میں مبتلا ہیںجن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ٹی ایچ کیو ٹوپی اسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیے قائم بارہ بیڈ پر مشتمل خصوصی وارڈ مریضوں سے بھر چکا ہے جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان باچاخان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) کے مطابق اس وقت وہاں ڈینگی سے متاثرہ 8 مریض زیر علاج ہیں جبکہ زیادہ تر مریضوں کو علاج و معالجے کے بعد گھروں کو بھیج دیا جاتا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 سے زائد ڈینگی مریض اسپتال لائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق صرف وہی مریض داخل کیے جاتے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہو۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسپرے مہم شروع کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات میں اضافہ کیا جائے تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔





