کے پی حکومت گرانےکے کسی عمل میں شریک نہیں ہونگے، اے این پی کا اعلان

فاٹا انضمام کے بعداین ایف سی میں خیبر پختونخوا کا 14 فیصد حصہ بڑھایا جائے، اے این پی کا مطالبہ

پشاور : عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے گیارہویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کے نئے ٹرمز آف ریفرنس (ToRs) کو مسترد کرتے ہوئے اسے صوبوں کے مالی حقوق پر ڈاکہ قرار دیا ہے۔

میاں افتخار حسین ننے کہا کہ یہ اقدام 1973 کے آئین کی روح اور اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کو دی گئی مالی خودمختاری کو ختم کرنے کی کوشش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 160(3A) کے تحت صوبوں کا حصہ کسی صورت کم نہیں کیا جا سکتا، لیکن موجودہ وفاقی حکومت بڑے ترقیاتی منصوبوں کا بوجھ صوبوں پر ڈالنے، قدرتی آفات کے دوران وفاقی اخراجات میں صوبوں کو مجبوراً شریک کرنے اور صوبوں پر اثرانداز ہونے والی وفاقی اسکیموں کی مالی ذمہ داری بھی صوبوں پر منتقل کرنا چاہتی ہے، جو کسی صورت قبول نہیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی نمائندگی دوسرے صوبوں کے افراد کے ہاتھ میں دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں ہر صوبے کی نمائندگی صرف اسی صوبے کے افراد کریں تاکہ صوبائی عوام کے حقیقی مسائل اور مالی ضروریات سامنے آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حصے میں کمی کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ بلکہ وقت کا تقاضا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے حصے میں اضافہ کیا جائے۔ فاٹا مرجر کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا کا موجودہ 14 فیصد حصہ بڑھایا جائے اور فاٹا کے بقایاجات بھی ادا کی جائے تاکہ خیبر پختونخوا مالی بحران پر قابو پایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے سب سے زیادہ خیبر پختونخوا کو متاثر کیا ہے۔ موجودہ ایک فیصد “وار آن ٹیرر” حصہ حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ لہٰذا دہشت گردی ختم کرنے کے لیے صوبے کو ملنے والا حصہ لازمی بڑھایا جائے تاکہ صوبہ اس بحران سے نکلنے کے لیے بہتر حکمت عملی اپناسکے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف کا ستمبر میں بڑا عوامی جلسہ کرنے کا اعلان

میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبائی حقوق کی محافظ ہے اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ صوبوں کے آئینی حصے میں کمی کرے یا صوبائی خودمختاری کو ختم کرے۔ اے این پی صوبوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top