وفاقی حکومت کا فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی )میں ملک بھر سے بھرتیوں کا اعلان

ملک میں سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے اپ گریڈ شدہ فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) میں 3,229 نئے کانسٹیبلز کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ حالیہ صدارتی آرڈیننس کے بعد سامنے آیا ہے جس کے تحت سابقہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مکمل وفاقی فورس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

نئی حیثیت میں یہ فورس پورے ملک میں اختیارات کی حامل ہو گی جس کا مقصد داخلی سیکیورٹی کو بہتر بنانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجموعی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

وفاقی حکومت نے اس بھرتی میں پورے ملک سے مساوی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ وار اور علاقہ وار کوٹہ مقرر کیا ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کو 20، 20 فیصد کوٹہ دیا گیا ہےجس کے تحت ہر صوبے سے 646 کانسٹیبلز بھرتی کیے جائیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کا کوٹہ 10 فیصد یعنی 323 کانسٹیبلز، گلگت بلتستان کا 6 فیصد ،193 کانسٹیبلز، جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کا کوٹہ 4 فیصد یعنی 129 کانسٹیبلز رکھا گیا ہے۔

بھرتی کے لیے عمر کی حد 18 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت کم از کم میٹرک (سیکنڈ ڈویژن) رکھی گئی ہے۔ انٹرمیڈیٹ یا مساوی تعلیم یافتہ امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

مرد امیدواروں کے لیے کم از کم قد 5 فٹ 10 انچ اور خواتین کے لیے 5 فٹ 5 انچ مقرر کیا گیا ہے۔ تمام امیدواروں کو جسمانی فٹنس ٹیسٹ اور تحریری امتحان پاس کرنا لازمی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : فاٹا انضمام کے بعداین ایف سی میں خیبر پختونخوا کا 14 فیصد حصہ بڑھایا جائے، اے این پی کا مطالبہ

اپ گریڈ شدہ فیڈرل کانسٹیبلری کو ملک میں امن و امان قائم رکھنے، داخلی خطرات سے نمٹنے اور صوبائی فورسز کی معاونت فراہم کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top