شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کئی سیاسی امور پر غور و خوض کے بعد اہم فیصلے کیے گئے اور ایک اعلامیہ جاری کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان کی سیاسی کمیٹی پر مکمل اعتماد کا شکریہ ادا کیا گیا اور پارٹی کے سیاسی معاملات مزید مشاورت کے لیے سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیے گئے۔
اجلاس میں توشہ خانہ ٹرائل کے حوالے سے اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی نے کہا کہ روزانہ سماعت سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ اس حوالے سے پارٹی نے اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مزید برآں نو مئی کے مقدمات میں نااہلی پانے والے اراکین کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ قرار دیا ہے اور ان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیاسی کمیٹی نے ناحق سزائیں پانے والے اراکین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر فیصل امین خان نے تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا
دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 129 میں انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میاں اظہر کی وفات کے بعد ان کی خالی نشست پر بھی امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اہم اعلان کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دیگر اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفیٰ دیا جائے گا۔





