اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے جو ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو آنکھوں میں شدید دباؤ اور نظر کی کمزوری جیسے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ ان کے ذاتی معالج نے آخری بار 4 نومبر 2023 کو معائنہ کیا تھا۔
علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چونکہ سرکاری میڈیکل بورڈ پر مکمل اعتماد نہیں، لہٰذا ان کے بھائی کے ذاتی ڈاکٹر کو بھی بورڈ میں شامل کیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ابتدائی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 اگست تک جواب طلب کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ، فی تولہ قیمت نئی بلندی پر پہنچ گئی
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک روز قبل عمران خان کی تینوں بہنوں نے اڈیالہ جیل میں ان سے تقریباً چار گھنٹے طویل ملاقات کی تھی، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق خدشات مزید اجاگر ہوئے۔