استنبول: ترکی نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ جدید فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم (Steel Dome) کا افتتاح کر دیا ہے۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کے روز نظام کا باضابطہ افتتاح کیا، جسے انہوں نے ملک کی دفاعی صنعت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوآن نے کہا کہ اسٹیل ڈوم سسٹم ترکی کی فضائی حدود کے تحفظ کو ایک بالکل نئے درجے تک لے جائے گا۔
ان کے مطابق یہ نظام نہ صرف ترکی کے دفاع کو مضبوط کرے گا بلکہ اس کے دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام بھی ہے۔
ایردوآن کا کہنا تھا کہ وہ ملک جو اپنا ریڈار، فضائی دفاع یا الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہیں رکھتا، وہ مستقبل میں خود کو محفوظ نہیں رکھ سکتا۔
ترک میڈیا کے مطابق اسٹیل ڈوم نظام کے ابتدائی مرحلے میں 47 خصوصی گاڑیاں شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت 460 ملین ڈالر ہے۔
یہ سسٹم زمین، فضا اور سمندر سے ممکنہ حملوں کے خلاف مشترکہ دفاع کو ممکن بنائے گا۔ صدر ایردوآن نے اعلان کیا کہ یہ نظام باقاعدہ طور پر ترک مسلح افواج کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے مون سون کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی
ترک حکومت نے گزشتہ برس اگست میں اس نظام کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد مختلف دفاعی پلیٹ فارمز، سینسرز اور کمانڈ سسٹمز کو ایک مربوط نیٹ ورک کے تحت منسلک کرنا ہے تاکہ ترکی کی فضائی حدود کو مؤثر طریقے سے محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ نظام مکمل طور پر کب فعال ہوگا، اس کی کوئی حتمی تاریخ تو فراہم نہیں کی گئی، تاہم حکومتی حکام کے مطابق اس کی مرحلہ وار تنصیب جاری ہے۔
یاد رہے کہ ترکی نے 2019 میں روس سے S-400 میزائل سسٹم حاصل کیا تھا، جس کے باعث امریکا نے ترکی کو F-35 جنگی طیاروں کے پروگرام سے خارج کر دیا تھا۔اس پس منظر میں اسٹیل ڈوم سسٹم کو ترکی کی دفاعی خودمختاری کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





