پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفت نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے اور بے شمار خاندان بدترین مشکلات سے دوچار ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری تمام تر دعائیں اور مکمل ہمدردیاں ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس کٹھن وقت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیاست سے بالاتر ہو کر صرف انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت آگے آئیں اور سیلاب زدگان کی مدد کریں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ اپنے وسائل کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے تاکہ متاثرین کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لانے میں مدد دی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ’’یہ وقت تقسیم کا نہیں، اتحاد کا ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں بطور قوم ایک ہو کر مظلوموں کا سہارا بننا ہوگا۔‘‘
بیرسٹر گوہر نے حکومت اور فلاحی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر خوراک، رہائش، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو بھی ہدایت کی کہ وہ میدانِ عمل میں آئیں اور مقامی سطح پر فلاحی اداروں سے مل کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔





