وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جہاں ضرورت پڑی، بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’پنجاب کے عوام کی تکلیف، خیبرپختونخوا کے عوام کی تکلیف ہے۔ ہم اپنے بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور بین الصوبائی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
پنجاب اس وقت شدید سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہدرہ، قصور، سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں نشیبی بستیاں خالی کروائی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج اور سول ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہیں اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خبردار کیا ہے کہ آج رات شاہدرہ لاہور کے مقام سے بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری طور پر آبادیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سیلاب کی تباہ کاریوں پر ملک بھر سے سیاسی و سماجی قیادت اظہارِ افسوس کر رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔





