خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اہم انتظامی فیصلے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے آبائی ضلع کو نئے ضلع پہاڑپور میں تبدیل کرنے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو حکم دیا گیا ہے کہ تین دن کے اندر نئے ضلع پہاڑپور کے قیام سے متعلق تفصیلی فزیبلٹی رپورٹ مرتب کر کے حکومت کو ارسال کی جائے۔ اس رپورٹ میں نئے ضلع کا صدر مقام، جغرافیائی رقبہ، آبادی، تحصیلوں، نیبرہڈ کونسلز، ویلج کونسلز اور پٹوار حلقوں کی مکمل تفصیل شامل ہوگی۔
اس کے علاوہ مالی اور انتظامی تقسیم کے حوالے سے بھی تفصیلی سفارشات طلب کی گئی ہیں تاکہ نئے ضلع کی بنیاد ایک مستحکم اور مؤثر نظامِ حکومت پر رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے 14 اگست کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے پہاڑپور کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر اب باضابطہ طور پر عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑپور کو ضلع بنانے سے نہ صرف مقامی سطح پر انتظامی سہولتوں میں بہتری آئے گی بلکہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔ عوامی حلقوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔





