خیبر پختونخوا حکومت نے قدرتی آفات، ہنگامی طبی امداد اور ریلیف آپریشنز کیلئے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی تصدیق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کی۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کے مطابق چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کی فوری خریداری ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ قدرتی آفات خصوصاً سیلاب جیسی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریلیف اور ریسکیو ممکن بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد جلد خریداری کا عمل شروع کر دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور حکومت اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
رواں سال 15 اگست کو باجوڑ میں ریلیف آپریشن کے دوران ایک سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں پائلٹس اور عملے کے دیگر افراد شہید ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے اس حادثے کے شہداء کے لیے مالی امداد کے پیکج کی منظوری بھی دے دی ہے۔ دونوں شہید پائلٹس کے لواحقین کو 2، 2 کروڑ روپے کا پیکج فراہم کیا جائے گا، جبکہ دیگر عملے کے افراد جو کنٹریکٹ پر تعینات تھے، ان کے لیے بھی معاوضے کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تمام شہداء کو پولیس شہداء کے برابر مراعات دی جائیں گی تاکہ ان کے اہل خانہ کو مالی و سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔