شاہد جان
خیبرپختوںخوا حکومت ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کے دوران کریشن ہونے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے دو نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیاہے۔
مشیرصحت خیبرپختونخوا احتشام علی ایڈوکیٹ نے دونئے ہیلی کاپٹر خریدنے کی تصدیق کردی ۔ پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت احتشام علی ایڈوکیٹ کا کہناتھا کہ ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کے دوران خیبرپختونخوا کے ایک ہیلی کاپٹرکریش ہونے کے بعد اب خیبپرپختوںخوا حکومت نے دو نئے جدید ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ہیلی کاپٹر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن اور امدادی سرگرمیوں کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت نے ریسکیو 1122 کی اشتراک سے خیبرپختونخوا حکومت کے ایک ہیلی کاپٹرکوایئر ایمبولنس میں تبدیل کردیاتھا ،حکومت نے ہیلی کاپٹر کو ایئر ایمبولنس میں تبدیل کرنے کیلئے فنڈ مختص کردیاتھا جس کے بعد ہیلی کاپٹر کو ایمرجنسی بنیادوں پر ایمبولنس میں تبدیل کردیاگیا مگر بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر کریش ہوگیا، اب خیبرپختونخوا حکومت نے دو نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کرلیاہے اور دونوں ہیلی کاپٹر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے مقاصد کیلئے استعمال کئے جائیں گے.
اس سے قبل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ایک نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کی تصدیق کردی تھی اور کہا تھا کہ قدرتی آفات سمیت دیگر کاموں میں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہوتی ہے، مہمند میں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد حکومت کے پاس ایک ہیلی کاپٹر رہ گیا ہےاسلئے نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا گیاہے.
یاد رہے کہ 15 اگست کو باجوڑ کے علاقہ جبراڑی میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیاتھا جس کے بعد محکمہ صحت کا ایئر ایمبولنس ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے روانہ ہوا تھا کہ ضلع مہمند کے علاقہ پنڈیالی میں کریش ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوارپائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے تھے