وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے فروری 2022 میں ریسکیو 1122 کی خالی آسامیوں کے لیے دیے گئے اشتہار کے تحت بھرتیوں کے انٹرویوز کی منظوری دے دی ہے۔
انٹرویوز باضابطہ طور پر 15 اکتوبر 2025 سے شروع ہوں گے۔
بھرتی کا عمل ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ای ٹی ای اے) کے ذریعے مکمل کیا جا رہا ہے جس میں جسمانی اور تحریری ٹیسٹ شامل ہیں، اور امیدواروں کا انتخاب میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ بھرتی کا عمل صوبائی حکومت کی میرٹ پالیسی کے عین مطابق اور مکمل انصاف کے ساتھ انجام دیا جائے۔
اس موقع پر ملک کی تاریخ میں پہلی بار ریسکیو 1122 کے انٹرویوز کو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ مکمل شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : رواں سال کا پہلا بلڈ مون پاکستان میں کب نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے تفصیلات جاری کر دیں
مزید برآں، نیشنل اکاونٹیبلیٹی بیورو (نیب)، انٹی کرپشن اتھارٹی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے بھی انٹرویو کے عمل کی نگرانی کے لیے مدعو کیے جائیں گے تاکہ ہر مرحلہ میرٹ اور انصاف کے مطابق مکمل ہو۔





