ہری پور: شدید بارشوں کے باعث اربوں کا پل اور سڑک بہہ گئے

ہری پور: خیبرپختونخوا کے شہر ہری پور میں حالیہ کلاوڈ برسٹ اور زوردار طوفانی بارشوں نے شہر کی بنیادی سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس سے شہریوں کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور تعمیراتی معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

خاص طور پر لورا چوک سے کوہالہ جانے والی سڑک اور اس کا مرکزی پل سیلابی ریلے کی تباہ کن طاقت سے تباہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گئی ہے اور اس راستے سے گزرنے والے ہزاروں افراد شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

پل کی ایک سائیڈ بہہ جانے سے آمد و رفت معطل ہو چکی ہے، اور متبادل راستے نہ ہونے کے باعث ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

یہ پل اور سڑک دو ارب تیرہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھی، جس کا افتتاح سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے کیا تھا۔

مقامی لوگ اور رہنما اس تباہی کو ناقص منصوبہ بندی اور تعمیراتی کوالٹی کی کمی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں، اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ فوری طور پر ذمہ داروں کا تعین کر کے اقدامات کرے تاکہ عوام کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں پولیس انفرسٹرکچر کی تعمیر کی منظوری

خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کی شدت نے سڑک اور پل کو نقصان پہنچایا ہے، تاہم وہ نقصان کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد از جلد تعمیرات شروع کی جائیں گی۔

تاہم مقامی افراد اور سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی پائیداری پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

ہری پور کے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایسے منصوبے شروع کرنے سے پہلے ماہر انجینئرز کی ٹیمیں لگائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے، اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

Scroll to Top