لاہور : لاہور کے علاقے پارک ویو سٹی میں راوی ندی کا پانی داخل ہو گیا ہے جس کے باعث ڈائمنڈ بلاک، کرسٹل بلاک اور پلاٹینیم بلاک زیرِ آب آ چکے ہیں۔
ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے فوری طور پر گھر خالی کرنے کے اعلانات بھی کیے گئے ہیں۔
پارک ویو سٹی کا حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد پانی کی روانگی میں تیزی آ گئی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور علاقے کے مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
پانی کی تیز آمد کے باعث انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پانی بہت تیزی سے گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور صورتحال کافی نازک ہے۔ اس وقت انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پارک ویو سٹی کے مکینوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری مدد اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔





