خیبرپختونخوا حکومت سیلاب متاثرین کے نقصانات خود برداشت کرے گی، مزمل اسلم

خیبرپختونخوا حکومت سیلاب متاثرین کے نقصانات خود برداشت کرے گی، مزمل اسلم

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ اپنے وسائل اور فنڈز سے کرے گی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کر رہی ہے اور معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جا رہا ہے جبکہ زخمی افراد کو 5 لاکھ روپے فی کس ادا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو 15 ہزار روپے مالیت کے راشن/خوراک کوپن فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو 10 لاکھ روپے، جزوی تباہ شدہ گھروں کے لیے 5 لاکھ روپے اور کیچڑ سے بھرے یا ڈوبے گھروں کے لیے ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ دکان مالکان کو بھی 5 لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جا رہا ہے، مویشیوں اور فصلوں کے نقصان کے ازالے پر بھی غور جاری ہے اور اس حوالے سے جلد اعلان متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اگر ملک میں ڈیمز بنائے جاتے تو سیلابی پانی آج نعمت ثابت ہوتا، علی امین گنڈاپور

مشیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کے پاس زیادہ وسائل ہیں اس لیے اُمید ہے کہ وہ بھی اپنے متاثرین کو بہتر معاوضہ فراہم کرے گا، خیبرپختونخوا حکومت اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بحالی کا عمل بلا تاخیر جاری رکھا جائے گا۔

Scroll to Top