پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا وقت نہیں ہے، سیاست پھر کبھی کریں گے یہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کا وقت ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بونیر میں ہم بہت سخت صورتحال سے دوچار تھے اور وہاں لوگوں نے بڑی مدد کی، پنجاب بھی اس وقت شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہے، تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ امدادی کاروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
سلمان اکرم راجہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کا تحریری استعفیٰ ابھی میرے پاس نہیں آیا لیکن انہوں نے اعلان ضرور کر دیا تھا، انہوں نے مزید کہا وہ کہہ رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔
مذاکرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں جو عدالتوں سے نہیں بلکہ سیاسی مذاکرات سے ہی حل ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ابھی کسی سطح پر کہیں بھی، کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہر حال میں ہونے چاہئیں تاکہ موجودہ سیاسی بحران کا حل نکل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: لگتا ہے پی ٹی آئی اگلے الیکشن سے پہلے ہی مائنس ہوجائے گی، رانا ثنااللہ
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام یہی ہے کہ وہ جمہوریت اور آزاد عدلیہ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔