پشاور: بھانہ ماڑی سے افسوسناک خبر سامنے آ گئی

پشاور: پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں واپڈا کا ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود رامداس میں پیش آیا، جہاں واپڈا کے اہلکار ٹرانسفارمر کی مرمت میں مصروف تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران دو نامعلوم مسلح افراد موقع پر پہنچے اور اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں واپڈا اہلکار ذیشان شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں : شارجہ میں افغان شائقین نے کھیل کا میدان ہنگامہ گاہ بنا دیا

واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی متوقع ہے۔

تاحال واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔

Scroll to Top