پشاور:خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آج پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں چیریٹی میچ کھیلا جائے گا۔
جس میں پاکستان کرکٹ کے بڑے بڑے نام ایکشن میں نظر آئیں گے۔ یہ میچ خیبر پختونخوا حکومت اور پشاور زلمی کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے لیے فنڈ جمع کرنا ہے۔
میچ میں ایک جانب ہو گی پشاور زلمی کی ٹیم جبکہ دوسری طرف ہوں گے پاکستان کے لیجنڈری کرکٹرز، جنہوں نے اپنی شرکت سے ایونٹ کو یادگار بنا دیا ہے۔
شرکت کرنے والے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہیں بابر اعظم، شاہد آفریدی، شعیب اختر، انضمام الحق، یونس خان، راشد لطیف، وقار یونس، اظہر علی، سعید اجمل، محمد حفیظ، صہیب مقصود، یاسر شاہ، محمد عرفان، ذوالفقار بابر سمیت دیگر معروف کھلاڑی۔
چیریٹی میچ کے لیے ٹکٹ کی قیمتیں درج ذیل ہیں ،وی وی آئی پی 50,000 روپے، وی آئی پی 10,000 روپے جبکہ عام شہریوں کے لیے 1,000 روپے۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب کی لپیٹ میں آئے گھر، خواب اور امیدیں بھی ڈوب گئیں
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کابینہ اراکین کے ہمراہ 50 ہزار روپے والے ٹکٹ خرید کر میچ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ کمشنر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول افسران نے بھی ٹکٹ خریدے ہیں۔
اسٹیڈیم میں تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اس میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد پر خرچ کی جائے گی۔
پشاور آج کرکٹ اور انسانیت دوستی کا حسین امتزاج بننے جا رہا ہے۔