11ویں، 12ویں کے طلبا و طالبات کے لیے خوشخبری، مردان بورڈ نے رزلٹ کی تاریخ جاری کر دی

مردان :ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ مردان نے انٹرمیڈیٹ (جماعت گیارھویں و بارھویں) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کے باضابطہ اعلان کی تاریخ جاری کر دی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق نتائج کا اعلان منگل 2 ستمبر 2025 کو کیا جائے گا، جبکہ پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز میں اسی روز صبح 10 بجے مردان بورڈ آفس میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔

بورڈ حکام کے مطابق پوزیشن ہولڈرز کے متعلقہ تعلیمی اداروں کو یکم ستمبر بروز پیر سہ پہر 3 بجے اطلاع دی جائے گی، تاکہ وہ اپنے طلبا و طالبات کی تقریب میں شرکت کو یقینی بنا سکیں۔

امتحانی نتائج دوپہر 12:30 بجے بورڈ کی ویب سائٹ [result.bisemdn.edu.pk](http://result.bisemdn.edu.pk)
پر دستیاب ہوں گے۔

ڈی ایم سیز اور رزلٹ کاپی کے حوالے سے تفصیلات بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رزلٹ کی کاپی حاصل کرنے کے خواہشمند افراد اپنی USB کے ہمراہ 300 روپے فیس کے عوض مردان بورڈ سے رزلٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

ریگولر طلبا و طالبات کی ڈی ایم سیز ان کے اداروں کو 9 ستمبر 2025 کو متعلقہ این او سی پر جاری کی جائیں گی۔پرائیویٹ طلبا و طالبات کی ڈی ایم سیز بھی 9 ستمبر بروز منگل درج ذیل کیمپ آفسز پر دستیاب ہوں گی ضلع صوابی، گورنمنٹ ہائی سکول صوابی ،ضلع نوشہرہ، پاکستان ڈگری کالج نوشہرہ کینٹ ، ضلع مردان، سٹوڈنٹس فسیلیٹیشن سینٹر، مردان بورڈ

طلبا و طالبات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مردان بورڈ کی ویب سائٹ یا بورڈ آفس سے مزید معلومات حاصل کریں اور مقررہ تاریخ پر ڈی ایم سیز کی وصولی کو یقینی بنائیں۔

کنٹرولر امتحانات حافظ محمد فیاض کے مطابق تمام امتحانی و انتظامی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں اور شفاف انداز میں نتائج مرتب کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top