ابوظہبی میں جاری سہ ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے ہرا کر اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
شارجہ کے میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں کچھ وکٹیں جلدی گرنے کے باوجود پاکستان نے 207 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا۔
نوجوان بلے باز صائم ایوب نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، جبکہ حسن نواز نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 56 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں محمد نواز نے 25، فہیم اشرف 16، اور حسن علی نے 9 رنز بنائے۔ یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی اور صغیر خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ حیدر علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 176 رنز تک محدود رہی۔ آصف خان نے 77 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی طرف سے مزاحمت کی کوشش کی جبکہ کپتان محمد وسیم نے 33 رنز بنائے۔ باقی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی نے تین، محمد نواز نے دو، جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : غیر قانونی افغان باشندوں کیلئے مہلت ختم ،یکم ستمبر سے ملک گیر آپریشن
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان افغانستان کو بھی 39 رنز سے شکست دے چکا ہے، اور یوں دو فتوحات کے بعد وہ سیریز میں مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے۔