وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بڑے بڑے ڈیمز پر سیاست ختم کریں، چھوٹے ڈیم سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم ممکن نہ سہی لیکن چھوٹے ڈیم اور تالاب بنائے جائیں تاکہ سیلابی پانی کو محفوظ رکھا جا سکے، بڑے ڈیمز مہنگے ہیں لیکن چھوٹے ڈیمز نسبتاً آسانی سے تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چھپڑوں پر قبضے اور رہائشی تعمیرات نے قدرتی نظام کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے جس کا خمیازہ آج دیہات اور کسان بھگت رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سیاست سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف ملکی مفاد کو ترجیح دیں۔
ماحولیاتی خطرات پر بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے انکشاف کیا کہ بھارت کی جانب سے راوی کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں بڑے سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو سسٹم سے ٹکراؤ کا شوق ہے تو اندر نہیں، باہر نکل کر کرے، رانا ثناءاللہ
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اور ادارے دن رات کام نہ کرتے تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے سیلابی پانی کے بہاؤ کو روکنے اور ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیمز اور ریزروائرز کی تعمیر کو ناگزیر قرار دیا۔