بلاک شدہ سمارٹ فونز دوبارہ نیٹ ورک سے جڑ گئے، کیا پی ٹی اے نے پابندیاں نرم کر دیں؟

بلاک شدہ سمارٹ فونز دوبارہ نیٹ ورک سے جڑ گئے، کیا پی ٹی اے نے پابندیاں نرم کر دیں؟

حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کچھ غیر پی ٹی اے منظور شدہ سمارٹ فونز جن میں آئی فونز اور گوگل پکسل فونز شامل ہیں پاکستانی موبائل نیٹ ورکس پر دوبارہ کام کرنے لگے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے بلاک کیے گئے یہ فونز اب کالز کر رہے ہیں اور ڈیٹا استعمال کر رہے ہیں جس سے یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کیا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پابندیاں عارضی طور پر نرم کر دی ہیں؟

کچھ صارفین نے کہا ہے کہ کہ ان کے وہ فونز جو برسوں سے لوکل نیٹ ورکس پر کام نہیں کر رہے تھے اچانک زونگ یا یوفون سم کے ذریعے جڑ گئے لیکن یہ کنکشن چند ماہ کے لیے محدود رہا اور پھر فونز دوبارہ بلاک کر دیے گئے۔

موبائل دکانداروں کا کہنا ہے کہ فیکٹری لاکڈ فونز کبھی کبھار مختصر مدت کے لیے لوکل سمز کے ساتھ کام کرتے ہیں مگر یہ مستقل عمل نہیں ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی چند ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں عارضی رعایتی مدت، سسٹم میں پرانے IMEI ریکارڈز کی صفائی، یا کلون شدہ IMEI نمبر کی وجہ سے نیٹ ورک میں غیر مستقل رویہ شامل ہیں۔

پی ٹی اے نے اس معاملے پر واضح کیا ہے کہ یہ تکنیکی اصلاحات کا حصہ ہے اور پابندیوں میں کوئی نرمی یا تبدیلی نہیں کی گئی۔

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فونز کو رجسٹر کروائیں اور وفاقی بورڈ آف ریونیو کے تحت محصولات اور ٹیکس کی ادائیگی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ سے زائد سمز کے استعمال پر فون بلاک ہونے کی خبروں پر پی ٹی اے کی وضاحت

پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ فونز صرف 60 دن تک کام کر سکتے ہیں اس کے بعد اگر ٹیکس یا محصولات ادا نہ کیے گئے تو انہیں دوبارہ بلاک کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top