اسلام آباد، پشاور، مردان، سوات اور دیگر کئی علاقوں میں آج شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان کے دارالحکومت کابل کے قریب بتایا گیا ہے، جہاں سے یہ جھٹکے پاکستان کے مختلف علاقوں تک محسوس کیے گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، سوات، بونیر، شانگلہ، مری، نوشہرہ، کالام، کوہاٹ، ضلع کرم، دیربالا اور چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
شہریوں نے بتایا کہ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ کئی لوگ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے نظر آئے۔
پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے تمام ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر الرٹ رہنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نقصان کے حوالے سے معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔
حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔