بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام، پانچ دہشت گرد ہلاک، چھ جوان شہید

سکیورٹی فورسز نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر بنوں پر دہشت گردوں کے ایک بزدلانہ حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ 2 ستمبر کی صبح کے وقت کیا گیا جس میں بھارت کی پشت پناہی یافتہ شدت پسند تنظیم “فتنۃ الخوارج” کے دہشت گرد ملوث تھے۔

بیان کے مطابق دہشت گردوں نے ہیڈکوارٹر کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پاک فوج اور ایف سی کے مستعد اور بہادر اہلکاروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی ہیڈکوارٹر کی دیوار سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور آس پاس کے سول انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔ اس واقعے میں تین شہری زخمی ہوئے۔

جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیاتاہم افسوسناک طور پر اس جھڑپ میں پاک فوج اور ایف سی کے چھ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک سے بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور بے گناہ شہریوں کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Scroll to Top