عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ منظر عام پرآگئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت سے متعلق پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں ان کی عمومی صحت کو اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے تاہم کان اور دانتوں کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کے کان اور دانت حساس نوعیت کے مسائل کا شکار ہیں، جن کے لیے ماہرین کی مستقل نگرانی اور باقاعدہ طبی معائنہ ضروری ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنوری 2024 سے ان کے کان کا مختلف اسپیشلسٹس کی جانب سے معائنہ جاری ہے، اور اب پہلی مرتبہ پمز بورڈ نے ان مسائل کے حل کے لیے “سپورٹیو مینجمنٹ” یعنی احتیاطی و معاون علاج کی تجویز دی ہے۔

پمز اسپتال کے مطابق اکتوبر 2024 سے اگست 2025 تک عمران خان کی صحت کی نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہا۔ اس دوران ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی جولائی 2024 میں اڈیالہ جیل کا دورہ کر کے ان کی صحت کا جائزہ لیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اب تک مختلف اوقات میں 15 سے زائد مرتبہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم عمران خان کا طبی معائنہ کر چکی ہے، جن میں عمومی صحت کے علاوہ کان اور دانتوں کے اسپیشلسٹس بھی شامل تھے۔ حالیہ دنوں میں بھی پمز میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں ان کا چیک اپ کیا اور ضروری ٹیسٹ مکمل کیے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا قدم، افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

ڈاکٹروں کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن اور دیگر میڈیکل رپورٹس تسلی بخش ہیں۔ البتہ مستقبل میں کسی ممکنہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے ان کے کان اور دانتوں کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

Scroll to Top